ٹیسٹ کرو، اندازہ مت لگاؤ! گوگل پر اے آئی وعدہ خلافی کا الزام
گوگل پر مقدمہ؟ لیکن ایکٹنگ میں!
پیر کے دن لندن کے کنگز کراس اسٹیشن کے قریب ایک انوکھا منظر دیکھنے کو ملا۔ گوگل ڈیپ مائنڈ کے ہیڈکوارٹر کے باہر کچھ لوگ عدالت کا ڈرامہ کر رہے تھے۔ ایک جج، جیوری، اور وکیلوں کا پورا سیٹ اپ لگا ہوا تھا۔ اور ملزم؟ گوگل! یہ سب مظاہرہ کیا جا رہا تھا PauseAI نامی تنظیم کی جانب سے، جواے آئی کی ترقی میں محفوظ طریقہ کار اور شفافیت کی قائل ہے۔
کہانی کہاں سے شروع ہوئی؟
2024 میں، سیئول (جنوبی کوریا) میں ہونے والی اے آئی سیفٹی سمٹ میں گوگل نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے جدید ترین اے آئی ماڈلزخاص طور پر Gemini کے لیے:
-
بیرونی ماہرین سے معائنے کروائے گا
-
اور شفاف طریقے سے رپورٹ کرے گا کہ یہ جائزے کیسے ہوئے۔ اور کن اداروں نے کیے
لیکن اپریل 2025 میں جب گوگل نے Gemini 2.5 Pro لانچ کیا۔ تو ان وعدوں پر عمل نہیں کیا گیا۔ ایک کمزور سی “ماڈل کارڈ” جاری کی گئی۔ جس میں چند حفاظتی تفصیلات تھیں۔ مگر وہ بھی مکمل نہ تھیں۔
اے آئی کمپنیاں سینڈوچ شاپس سے بھی کم ریگولیٹڈ ہیں!
PauseAI کی آرگنائزنگ ڈائریکٹر ایلا ہیوز نے احتجاجی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
“اگر ہم گوگل کو اس وعدہ خلافی پر کچھ نہ کہیں، تو یہ سب کمپنیوں کے لیے سگنل ہوگا کہ سیفٹی کے وعدے اہم نہیں، اور عوام سے کیے گئے عہد بھی بےمعنی ہیں۔”
اور پھر اُن کا وہ مشہور جملہ:
“آج کے دور میں اے آئی کمپنیاں سینڈوچ شاپس سے بھی کم ریگولیٹڈ ہیں۔”
یعنی بات صرف گوگل کی نہیں، بلکہ اس پورے نظام کی ہے جہاں ٹیکنالوجی بےقابو دوڑ رہی ہے۔ لیکن قانون اور ضابطے کہیں پیچھے رہ گئے ہیں۔
مظاہرے کی خاص بات: “جعلی عدالت”
اس احتجاج کو صرف بینرز یا تقاریر تک محدود نہیں رکھا گیا۔ ایک مکمل جعلی عدالت کا ماحول بنایا گیا تاکہ عوام کی توجہ اس سنجیدہ مسئلے پر دل چسپ انداز میں دلائی جا سکے۔ لوگ رک کر دیکھنے لگے۔ کچھ گوگل کے ملازمین بھی اس منظر پر مسکرا دیے، لیکن پیغام صاف تھا: اے آئی کی دوڑ کو روکنا ضروری ہے پہلے جانچ، پھر لانچ۔
مسئلہ صرف گوگل کا نہیں
PauseAI کے بانی جوئپ مینڈرٹسما کا کہنا تھا کہ صرف گوگل ہی نہیں، پوری اے آئی انڈسٹری کو ریگولیشن اور شفافیت کی اشد ضرورت ہے۔ خاص طور پر جب اے آئی غلط معلومات، جاب لس، اور سوسائٹی پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے۔
کیا گوگل کچھ جواب دے رہا ہے؟
ابھی تک گوگل نے PauseAI کے مطالبات یا میڈیا کی درخواستوں پر کوئی جواب نہیں دیا۔ PauseAI کا کہنا ہے کہ وہ برطانیہ کے ممبرز آف پارلیمنٹ سے رابطے میں ہیں تاکہ یہ مسئلہ حکومتی سطح پر اٹھایا جا سکے۔
آگے کیا ہوگا؟
یہ احتجاج اس مسئلے پر PauseAI کا پہلا قدم تھا۔ گروپ کا کہنا ہے کہ وہ مزید مظاہرے، مہمات، اور قانونی سطح پر آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مینڈرٹسما کا کہنا ہے کہ عوام میں بھی اے آئی کی تیزی سے ترقی پر خدشات بڑھ رہے ہیں، اور وہی اس تحریک کی اصل طاقت ہے۔
چاہے آپ اے آئی کے دیوانے ہوں
چاہے آپ اے آئی کے دیوانے ہوں یا اس کے نقاد، یہ بات طے ہے کہ ٹیکنالوجی کی رفتار بہت تیز ہے۔ اور حفاظت، ضابطے، اور وعدوں کا خیال رکھنا اب پہلے سے زیادہ ضروری ہو چکا ہے۔
جیسا کہ PauseAI نے کہا:
“یہ ٹولز جتنے زبردست ہیں، اتنے ہی خطرناک بھی ہو سکتے ہیں… اور یہی سب سے بڑی تشویش ہے۔”
اگر حکومتیں اور کمپنیاں ذمہ داری نہ لیں، تو شاید عوام کو ہی پہل کرنی ہوگی۔ –